۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
اعجاز ہاشمی

حوزہ/ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر نے بیان کیا کہ تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بار بار ہوتے ہوئے واقعات کو روکنے کے اقدامات کا مطالبہ کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور کلام الٰہی کے نسخے جلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایسے دلخراش واقعات کو مغرب کی فرعونیت اور امت مسلمہ کے باہمی انتشار اور بے حسی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ 

لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں اسلامو فوبیا کا شکار ہیں، اسلام امن اور احترام انسانیت کا دین ہے، مگر دنیا میں سب سے زیادہ پھیلنے والے مذہب اسلام سے خائف کچھ یورپی مسیحی تنگ نظر عناصر اپنی روایتی خباثتوں کا اظہار کر کے دراصل اسلام کے ہاتھوں اپنی شکست کو تسلیم کر رہے ہیں۔

پیر اعجاز ہاشمی نے زور دیا کہ سعودی عرب، ایران، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بار بار ہوتے ہوئے واقعات کو روکنے کے اقدامات کا مطالبہ کریں اور مجرموں کو سزا دلوائیں، یہ غیرت مسلم کا سوال ہے، اس پر بلاتفریق مسلک و خطہ ارض سب مسلمانوں کو مل کر آواز بلند کرنی چاہیے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مغرب اپنی اسلام دشمنی کے روش کو ترک کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آ رہا، کبھی سیدالمرسلین نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کی جاتی ہے، کبھی توہین آمیز کارٹون شائع کیے جاتے ہیں، کبھی ٹیری جونز جیسا پاگل پادری قرآن مجید جلانے کے اعلانات کرتا ہے۔

افسوس یہ سب خود کو لبرل کہنے والے یورپی ممالک میں ہو رہا ہے جبکہ اسلامی ممالک میں مسیحی برادری کے گرجا گھروں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے، انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے، فساد پھیلنے نہیں دیا جاتا، ہم اسی طرح کے نرم رویے کی مغربی ممالک سے بھی توقع رکھتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .